حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجمع طلاب شگر کے تحت ہفتہ تحقیق کی مناسبت سے ایک عظیم الشان کانفرنس بعنوان "اسلامی تہذیب و ثقافت"کا اہتمام کیا گیا جس میں جامعۃ المصطفی کے شعبۂ تحقیق کے سربراہ حجۃ الاسلام آقا نیکخو امیری اور مشہور محقق اور قلمکار استاد نذر حافی نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اس پروگرام میں بلتستان بھر کے علماء اور طلباء بھی شریک تھے۔
کانفرنس سے خطاب میں المصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے شعبۂ تحقیق کے سربراہ حجۃ الاسلام نیکخو امیری نے محققین کی ذمہ داریوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف معاشرتی مسائل،شبہات اور مشکلات کا حل قرآن و اہلبیت علیہم السلام کی تعلیمات کی روشنی میں پیش کرنا محققین اور اہل قلم کی اہم ذمہ داری ہے۔
نامور صحافی اور دانشور استاد نذر حافی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تہذیب و تمدن کا مطلب مسلمانوں کے ہر عمل میں خدا کا رنگ اور جھلک نظر آنا ہے۔
مجمع طلاب شگر کے میڈیا سیل انچارج عارف حیدرآبای اور شعبۂ تحقیق کے سربراہ سکندر بہشتی نے اپنے اپنے شعبوں کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
اس پروگرام میں مندرجہ ذیل آثار کی تقریب رونمائی ہوئی:
1۔مجلہ نسیم ہدایت شمارہ ۹۔ 2۔رسول اکرم(ص)کے بارے میں مقالات،مضامین،ترجمہ اور کالمز پر مبنی مجموعہ"سیرت النبی(ص)" 3- مجمع کی جانب سے منعقدہ احیاء تمدن و ثقافت اسلامی کانفرنس میں پیش کئے گئے "مقالات کا مجموعہ" 4۔اربعین کی مناسبت خصوصی اشاعت میں شامل مقالات کا مجموعہ"پیک اشک۔ 5۔ شگر کے مرحوم علماء کی زندگی اور خدمات پر مشتمل مقالات کا مجموعہ"وارثان انبیاء" 6۔محققین واہل قلم کے آثار کی نمائش۔
پروگرام کے آخر میں مجمع طلاب شگر کے 10محققین برتر اور میڈیا میں فعال کردار ادا کرنے والوں کو لوح تقدیرسے نواز گیا اور اسلامی تہذیب وثقافت کانفرنس کے لئے مقالہ بھیجنے والے مقالہ نگاروں میں نقد انعامات و سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔مجمع کے صدر شیخ غلام محمد حیدری نے دعائیہ کلمات کے ساتھ شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔